6

ضلعی انتظامیہ کی طرف سے انسداد تجاوزات مہم کو نتیجہ خیز بنانے کے لئے تحصیل سطح پر سب کمیٹیز تشکیل دی جا رہی ہیں جن میں ارکان اسمبلی بھی شامل ہونگے تاکہ سرکاری زمینوں ودیگر جائیدادوں پر ناجائز قبضوں کی حقیقی نشاندہی اور ان کو واگزار کرانے کے لئے موثر اپریشن کو یقینی بنایا جا سکے

فیصل آباد(فراز نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)ضلعی انتظامیہ کی طرف سے انسداد تجاوزات مہم کو نتیجہ خیز بنانے کے لئے تحصیل سطح پر سب کمیٹیز تشکیل دی جا رہی ہیں جن میں ارکان اسمبلی بھی شامل ہونگے تاکہ سرکاری زمینوں ودیگر جائیدادوں پر ناجائز قبضوں کی حقیقی نشاندہی اور ان کو واگزار کرانے کے لئے موثر اپریشن کو یقینی بنایا جا سکے۔اس امر کا فیصلہ ضلعی انسداد تجاوزات کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا جو ڈپٹی کمشنر سردار سیف اللہ ڈوگر کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں سی پی او اشفاق احمد خاں بھی موجود تھے جبکہ صوبائی وزیر سماجی بہبود محمداجمل چیمہ‘معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب ملک عمر فاروق‘دیگر ارکان اسمبلی فیض اللہ کموکا‘چوہدری عاصم نذیر‘فردوس رائے‘لطیف نذر‘میاں وارث عزیز‘شکیل شاہد‘خیال کاسترو‘چیئرمین ایف ڈی اے ڈاکٹر اسد معظم‘ڈپٹی میئر محمد امین بٹ‘ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرزمحبوب احمد‘ملک مشتاق حسین نائچ‘قیصر عباس رند‘اسسٹنٹ کمشنرز ڈاکٹر انعم ‘ لیاقت علی کلہوڑو ‘ عدنان شہزاد‘ اورنگزیب ‘ شاہد ندیم ‘ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے عامر عزیز‘چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن زبیر حسین ‘ڈپٹی ڈائریکٹر ہاؤسنگ سعید احمد‘سی ای او ایجوکیشن علی احمد سیان‘میونسپل کمیٹیز کے چیئرمین صاحبان ودیگر افسران نے شرکت کی ۔ڈپٹی کمشنر نے انسداد تجاوزات مہم کی پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ حکومتی گائیڈ لائنز کے مطابق قبضہ مافیا سے سرکاری اراضی خالی کرانا اولین ترجیح ہے جبکہ مین شاہرات‘گرین بیلٹس‘چوکوں‘اڈوں اور شارع عام سے تجاوزات کا صفایا کیا جائے گا اس ضمن میں غریب افراد کا روزگار اور رہائش متاثر نہ کی جائے۔ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ ضلع بھر میں دیہی وشہری علاقوں میں سرکاری زمینوں پر ناجائز قابضین سے متعلق حتمی اور مکمل فہرست مرتب کرکے اس کا سرٹیفکیٹ فراہم کریں کہ اس کے علاوہ کوئی سرکاری زمین ناجائز قبضہ میں نہیں ہے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کسی دیگر ذرائع سے سرکاری زمینوں پر قبضہ سے متعلق مصدقہ اطلاعات موصول ہوئیں تو متعلقہ ریونیو آفیسر اور سٹاف کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ ڈپٹی کمشنر نے قبضہ مافیا کے خلاف مہم کو کامیاب بنانے کے لئے مربوط حکمت کے تحت اپریشن کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قبرستانوں ‘ پارکوں ‘ سرکاری سکولوں ‘ دیہاتوں ‘ تالابوں و احاطوں کی جگہوں پر ناجائز قبضوں کو واگزار کرانے کے لئے بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ انہوں نے تاکید کہ شہر کی مارکیٹوں اور بازاروں کو تجاوزات سے پاک رکھیں اور تجاوزات کے خلاف یہ مہم تسلسل کے ساتھ جاری رہنی چاہئے اور دوبارہ تجاوزات کے مرتکب ہونے والوں کے خلاف مقدمات درج کرائے جائیں ۔ انہوں نے شہر میں پارکنگ کے مسائل حل کرنے کے سلسلے میں موثر منصوبہ بندی کے لئے اقدامات کرنے کا بھی عندیہ دیا ۔ اجلاس کے دوران ارکان اسمبلی نے تجاوزات اور قبضہ مافیا کے خلاف مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے بعض تجاویز پیش کرتے ہوئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ سرکاری قبضہ میں ملی بھگت کرنے والے ملازمین کے خلاف بھی ایکشن لیا جائے اور خالی کرائی گئی زمینوں کے آئندہ تحفظ کو بھی یقینی بنائیں ۔انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف اپریشن کے سلسلے میں حکومتی پالیسی کی پابندی ہونی چاہئے اس ضمن میں غریب ریڑھی چھابڑی والوں اور کچی آبادیوں کے خلاف کارروائی نہ کی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں