16

کمشنر فیصل آباد41ویں نیشنل کبڈی چیمپئن شپ اقبال سٹیڈیم میں شروع ہوگئی ہے جو 7جنوری تک جاری رہے گی جس کا باقاعدہ افتتاح ڈویژنل کمشنر آصف اقبال چوہدری نے معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے سپورٹس ملک عمر فاروق کے ہمراہ کیا۔ڈپٹی کمشنر سردار سیف اللہ ڈوگر،سی پی او اشفاق احمدخاں،ایڈیشنل کمشنرزرائے واجد علی،خادم حسین جیلانی،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز طارق خاں نیازی،قیصر عباس رند،ڈویژنل سپورٹس آفیسرطارق نذیر،سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل شیخ افضل جاوید،صدر چیمبر آف کامرس سید ضیاء علمدار حسین،نائب صدر میاں تنویر،انٹرلوپ کے نمائندہ ذیشان اکرم،سی ای او سرینا ہوٹل محمد ثاقب ودیگر بھی موجود تھے

فیصل آباد (فراز نیوز ،مانیٹرنگ ڈیسک )۔اس موقع پر گھوڑا ڈانس،جھومرلڈی اور دیگر رنگا رنگ پروگرامز کے علاوہ لوک فنکاروں نے اپنے فن وگیتوں سے پنجاب کی ثقافت کواجاگرکیا۔افتتاح کے موقع پر قومی پرچم لہرانے کے بعد قومی ترانہ بجایا گیا اور رنگ برنگے غبارے فضاء میں چھوڑے گئے۔جیل اورپولیس کے دستوں نے سلامی پیش کی اوربین کی دھنوں سے حاضرین کومحظوظ کیا۔شائقین کی بہت بڑی تعداد نے تالیوں کی گونج میں چیمپئن شپ میں حصہ لینے والی ٹیموں کا استقبال کیا۔ڈویژنل کمشنر نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے روایتی کھیل کبڈی میں ایران سمیت ملک بھر سے ٹیموں کی شرکت کی بدولت شائقین کو دلچسپ کھیل دیکھنے کو ملیں گے۔انہوں نے افتتاحی تقریب کے شانداراوررنگا رنگ انعقاد پر سپورٹس ڈیپارٹمنٹ،کبڈی فیڈریشن وایسوسی ایشنزودیگر معاون کاروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کبڈی کے کھیل کی ترقی وفروغ کے لئے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔انہوں نے کبڈی ٹورنامنٹ میں شرکت پر ایران کی ٹیم اور آفیشلز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عالمی ٹیم کے باعث اس ٹورنامنٹ کو چار چاند لگ گئے ہیں۔معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے سپورٹس عمرفاروق نے کمشنر فیصل آباد نیشنل کبڈی چیمپئن شپ کے انعقاد کو سراہا اور کہا کہ چیمپئن شپ سے شائقین بہترین مقابلوں سے بھرپور لطف اندوز ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کبڈی سمیت دیگر کھیلوں کی ترویج وترقی موجودہ حکومت کے ایجنڈے میں سر فہرست ہے اس سلسلے میں کھلاڑیوں کو کھیلوں کی معیاری سہولیات کی فراہمی کی یقینی بنایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ میں ایران کی کبڈی ٹیم کی شرکت خوش آئند اقدام ہے اور سپورٹس ٹیموں کے تبادلوں سے اعتماد کی فضاء مزید مضبوط ہوگی اور حکومتوں وعوام کو ایک دوسرے کے قریب آنے کے مواقع ملیں گے۔ڈپٹی کمشنر سردار سیف اللہ ڈوگر نے کہا کہ شائقین کا بھرپور جوش وخروش اس دیسی وثقافتی کھیل کی مقبولیت کی غمازی کرتا ہے جس کے فروغ میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔سی پی او اشفاق احمد خاں نے کہا کہ کمشنر فیصل آباد نیشنل کبڈی چیمپئن شپ کے پرسکون ماحول میں انعقاد کے لئے ضلعی پولیس نے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے ہیں۔انہوں نے شائقین سے کہا کہ وہ چیمپئن شپ کے دوران نظم وضبط کا مظاہرہ کریں اور کبڈی کے کانٹے دار مقابلوں سے لطف اندوز ہوں۔ایرانی کبڈی ٹیم کے کپتان مرتضی مشہدی نے کہا کہ وہ پیارومحبت اور امن ودوستی کا پیغام لے کر فیصل آباد پاکستان آئے ہیں اور انہیں بھرپور محبتوں سے نوازا گیا ہے جس پر شکرگزار ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں