13

ضلع بھر میں کرشنگ سیزن کی مانیٹرنگ کے دوران گزشتہ دو ہفتوں میں انسپکشن ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی کنڈا جات اور کم تولنے پر قصورواروں کو 13لاکھ 61ہزارروپے کے جرمانے کئے اور 6کنڈوں کے خلاف مقدمات درج کرائے جبکہ مڈل مین کا کردار ادا کرنے والے 109،افراد کیخلاف مقدمات درج کرانے کے علاوہ 25،افراد کو گرفتار اور 91کنڈوں کو سیل کیا گیا

فیصل آباد ( فراز نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)۔صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حافظ ممتاز احمد کو یہ تفصیلات سرکٹ ہاؤس میں منعقدہ اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر سردار سیف اللہ ڈوگر نے بتائیں۔سی پی او اشفاق حمد خاں،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو)طارق نیازی،تحصیل صدر،جڑانوالہ،سمندری،چک جھمرہ اور تاندلیانوالہ کے اسسٹنٹ کمشنرنازیہ موہل،ندیم شاہد،سید تنویر مرتضی،خرم شہزاد بھٹی،اورنگ زیب،ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ امان اللہ سومرو،ڈی اوانڈسٹریز خالد محمود،کاشتکارکے نمائندے سرفراز تارڑ،ملک ظفر اقبال ودیگر کے علاوہ شوگر ملوں کے نمائندے بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع میں پانچ شوگر ملز کام کررہی ہیں جس میں کرشنگ سیزن کی نگرانی کیلئے ڈسٹرکٹ اور تحصیل کمیٹیز متحرک ہیں تاکہ کاشتکاروں کی شکایات کا فوری ازالہ ہوسکے۔انہوں نے بتایا کہ شوگر ملوں کے ذمہ 87لاکھ روپے کے بقایا میں سے 41لاکھ کی ادائیگی ہو چکی ہے جبکہ بقیہ واجب الادا رقوم دستیاب ہے جس کی ادائیگی کے لئے کاشتکاروں کا انتظار ہے۔صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیسکیشن حافظ ممتاز احمد نے کہا کہ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر کاشتکاروں کے حقوق کے تحفظ کے لئے صوبہ کی تمام انتظامی مشینری سرگرم عمل ہے ۔اس سلسلے میں صوبائی وزراء سمیت اعلیٰ سرکاری افسران شوگر ملوں کے دورے کرکے کرشنگ سیزن کے امور کاجائزہ لے رہے ہیں۔انہوں نے ضلعی انتظامیہ کے افسران سے کہا کہ کاشتکاروں کو کچی پرچی جاری کرنے یا کم نرخ دینے والی شوگر ملوں کے خلاف فوری کارروائی کریں ۔اس نوعیت کی کوئی شکایت سامنے نہیں آنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ کرشنگ سیزن کی سی پی آرز پر ادائیگیوں کے شیڈول پر سختی سے عملدرآمد ہونا چاہیے تاکہ کاشتکاروں کو مقررہ دنوں میں مکمل واجبات مل سکیں۔انہوں نے کاشتکاروں کے نمائندوں سے کہا کہ وہ بالکل مطمئن رہیں۔حکومت ان کی بھرپور سرپرستی جاری رکھے گی اور بروقت ادائیگی کویقینی بنایا جائے گا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)طارق نیازی نے کرشنگ سیزن کے حوالے سے محکمانہ کارکردگی سے آگاہ کیا ۔کاشتکاروں کے نمائندوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انتظامی لحاظ سے اس بار کرشنگ سیزن کی صورت حال بہتر ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں