18

ڈپٹی کمشنر سردار سیف اللہ ڈوگر نے کہا ہے کہ کتابیں انسان کی بہترین ساتھی اور علم وتحقیق کے فروغ کا گرانقدر ذریعہ ہیں جن سے لگاؤ کاجذبہ ہمہ وقت بیدا رہنا چاہیے تاکہ کتب بینی کا کلچر پروان چڑھتا رہے۔انہوں نے یہ بات فیصل آباد پریس کلب اور سوسائٹی فارریڈنگ اینڈ نالج کے اشتراک سے پریس کلب میں منعقدہ تین روزہ کتاب میلہ کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔وائس چانسلر جی سی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر امین ناصر،ڈائریکٹر اینٹی کرپشن مہر شفقت اللہ مشتاق،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو) طارق نیازی،پریس کلب کے عہدیداران شاہد علی،جی اے تنویر،سعید سومی،ساجد خان ودیگرکے علاوہ سوسائٹی فار ریڈنگ اینڈ نالج کے رانا عابد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کتاب میلے کے انعقاد کو انتہائی خوش اقدام قرار دیتے ہوئے کہا

فیصل آباد(فراز نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)کہ موجودہ مصروف اور تیزرفتار زندگی میں کتاب کی طرف راغب کرنا بے حد ضروری ہے کیونکہ کتابیں مختلف علوم پر دسترس کے علاوہ ذہن سازی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔انہوں نے منتظمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کتاب میلے کی بدولت شہریوں کو کتابوں کے قریب لانے اور ان کی دلچسپی کی کتابیں رعایتی نرخوں میں ملیں گی جوکہ علمی ترقی کیلئے مثبت اور مفید قدم ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سرکاری شعبے کی لائبریریز کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے اور تشنگان علم کیلئے سہولیات فراہم کریں گے۔وائس چانسلر جی سی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ناصر امین نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کتاب میلے کے انعقاد ایک عظیم کام ہے جسکا مقصد علمی سہولتوں کو شہریوں کیلئے قابل رسائی بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیز کی سطح پر کتاب میلوں کے پروگرام میں وسعت لائیں گے۔انہوں نے پریس کلب کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ صحافت کے شعبہ میں عبور اورکامیابی کے لئے مختلف موضوعات پر کتابوں سے بھرپوراستفادہ کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نئی نسل کا کتابوں سے رشتہ مضبوط ہونا چاہیے۔اس سلسلے میں میڈیا اہم کردار ادا کرسکتا ہے ۔ڈائریکٹر اینٹی کرپشن مہر شفقت اللہ مشتاق نے کہا کہ علمی ترقی کے ساتھ ساتھ کتابیں اخلاقیات،سماجی اقدار،مستحکم معاشرت اور ذہنی آبیاری میں ممدومعاون ثابت ہوتی ہیں اور انسان کو اپنی ذمہ داریوں سے آگاہی،حقوق اور بہتر سماجی تعلقات کا احساس پیداہوتا ہے۔انہوں نے پریس کلب اور سوسائٹی فار ریڈنگ اینڈ نالج کو کتاب میلے کے شاندار انعقاد پر مبارکباد دی۔کتاب میلے میں پاکستان بک فاؤنڈیشن سمیت گیارہ معروف پبلیشرز کے دودرجن کے قریب سٹالز لگائے گئے ہیں جہاں پر شعروادب،تہذیب وثقافت،تاریخ،فنون لطیفہ،تصوف،فلسفہ اور دیگر موضوعات پر ہزاروں کی تعداد میں کتابیں پرکشش رعایتی نرخوں پر دستیاب ہیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سردار سیف اللہ ڈوگر اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر امین ناصر نے پریس کلب کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور آڈیٹوریم،لائبریری،نیٹ کلب،جم اور دیگر دستیاب سہولتوں پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صحافی برداری کو پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی کے لئے بہتر ماحول اورسہولیات کی فراہمی کے لئے ہرممکن تعاون کیا جائیگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں