28

ڈپٹی کمشنر سردار سیف اللہ ڈوگر نے کہا ہے کہ حق وسچ کی تلاش میں سرگرداں کالم نگار معاشرے کا غیر جانبدار اور دوراندیش طبقہ ہے جو اپنی سوچ وفکر سے مثبت وتعمیری راہوں کو ہموار کرتے ہیں۔ضلعی انتظامیہ کالم نگاروں سے روابط کا سلسلہ مستقل بنیادوں پر استوار رکھے گی جن کی رہنمائی سے اصلاح احوال میں خاطر خواہ مدد ملتی ہے۔انہوں نے یہ بات ورلڈ کالمسٹ کلب کے عہدیداران سے ملاقات کرتے ہوئے کہی

فیصل آباد ( فراز نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)۔ڈپٹی کمشنر نے ورلڈ کالمسٹ کلب کے عہدیداران کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ زبان وبیان کی بہترین صلاحیت سے کالم نگاری میں نمایاں مقام رکھنے والوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کالم نگار مختلف امور میں قومی شعور کو بیدار کرنے اور اپنی شگفتہ اور لطیف تحریروں سے عوامی ذہن سازی ،سماجی مسائل پر قابو پانے اور ایک مہذب وباوقار قوم کو آگے بڑھانے کے سلسلے میں اپنا بہترین کردار ادا کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع کی تعمیر وترقی اور عوامی ریلیف اولین ترجیح ہے جس کے لئے متعدد اقدامات پر عمل پیرا ہیں تاہم کالم نگاروں کی طرف سے ان کے مضامین میں نشاندہی کئے گئے مسائل کے حل کے لئے بھی متحرک ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات پر عوامی مسائل سے آگاہی اور ان کے تیز رفتار حل کے لئے کھلی کچہریوں کے انعقادکا سلسلہ شروع ہوچکا ہے جس کی بدولت لوگوں کی سرکاری محکموں تک آسان رسائی اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہونگے۔شاہد علی،رانا زاہد محمود ودیگر کالم نگاروں نے ڈپٹی کمشنر سردار سیف اللہ ڈوگر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ ورلڈ کالمسٹ کلب پاکستان کی نمائندہ تنظیم ہے جس کے کالم نگاروں کے معاشرتی مسائل پر مشتمل مضامین مقامی،قومی اوربین الاقوامی اخبارات میں شائع ہوتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کالم نگاروں کی فلاح وبہبود کے لئے اقدامات جاری ہیں۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر کی ضلع کو تعمیر وترقی کے لحاظ سے مزید مثالی بنانے کی عمدہ سوچ کو سراہا۔ورلڈ کالمسٹ کلب کی سپریم کونسل کے چےئرمین شاہد علی،صدر رانا زاہد محمود،سیمی کنول،میمونہ حسین،روبینہ مرزا،عرفان گل،رانا ریاض خاں،فرحان علی خاکی،محمد اسماعیل سہروردی،ڈاکٹر جمیل ملک،مدثر سبحانی،محمد فاروق انجم،ملک یاسین،میاں رضوان احمد،میاں محمد ساجد،رانا طارق سرور،مجیب الرحمن ودیگر کالم نگارومصنفین بھی موجود تھے۔اس موقع پر کالم نگاروں نے اپنی تحریر کی گئی ادبی کتابیں ڈپٹی کمشنر سردار سیف اللہ ڈوگر کو پیش کیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں