41

جھنگ(فراز نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا اجلاس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام2018-19کے تحت ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصبوبوں بارے پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلا س میں مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب برائے لائیو سٹاک فیصل حیات جبوآنہ، رکن صوبائی اسمبلی کرنل ریٹائرڈ غضنفر قریشی ،ڈپٹی کمشنر حافظ شوکت علی ، اراکین صوبائی اسمبلی معاویہ اعظم طارق، رانا شہباز، آصف کاٹھیا،سابق ایم پی اے سلطان سکندر بھروانہ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شاہد عباس جوئیہ ،اسسٹنٹ کمشنرز سمیت محکمہ ہائی وے ، بلڈنگ، صحت ، تعلیم، اریگیشن ،پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور دیگر متعلقہ افسران بھی شریک تھے۔مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب برائے لائیو سٹاک فیصل حیات جبوآنہ نے کہا کہ حکومت پنجاب کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت ضلع کی تعمیرو ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی تکمیل سے ترقی کی راہیں ہموار ہونگی۔ ضلع کے تمام شعبوں کی ترقی کیلئے یکساں پالیسی نافذ کی جائیں گی تاکہ تمام علاقوں کی میں یکساں ترقی ہو اور دور دراز علاقوں کی عوام میں پائے جانے والا احساس محرومی کا خاتمہ ہوسکے۔ وہ دن دور نہیں جب جھنگ کا شمار ترقی یافتہ شہروں میں ہوگا۔ مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ ضلع کو تعمیرو ترقی کی جانب گامزن کرنے کیلئے آج ہم سب اس فورم پر موجود ہیں۔ضلع کی ترقی ہمارا مشن ہے اور عوام کی خوشحالی کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ اس ضمن میں د ور دراز علاقوں کو ترجیحی بنیادوں پر فوکس کیا جا رہاہے۔ حکومت تمام شعبوں میں ترقی کی جانب گامزن ہے اور انشاء اللہ عوام جلد ہی ترقی کے ثمرات سے مستفید ہوگی ۔ رکن صوبائی اسمبلی کرنل ریٹائرڈ غضنفر قریشی نے کہا کہ عوامی امنگوں کے مطابق ضلع کے ہر شعبے میں واضح بہتری نظر آرہی ہے۔عوامی فلاحی منصوبے ترجیحات میں ہیں تاکہ عوام کو معیاری زندگی بلند ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں عوامی منصوبوں کی تکمیل ترجیحات میں شامل ہیں جن میں صحت ، تعلیم ، صاف پانی سمیت دیگر تمام ترقیاتی سکیمیں شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کو بھرپور ریلیف فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں منصوبوں میں معیار اور شفافیت کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ڈپٹی کمشنر حافظ شوکت علی نے کہا کہ اراکین اسمبلی اپنے حلقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی سے متعلق ترقیاتی سکیموں کی نشاندہی کریں تاکہ آئندہ کا لائحہ عمل کو حتمی شکل دی جا سکے۔ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کیلئے آئندہ بجٹ میں باہمی مشاورت سے فنڈز مختص کئے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کریں اس ضمن میں سکیموں کی ترقیاتی پیش رفت کی مسلسل مانیٹرنگ بھی کی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ اس حوالہ سے اگر کسی جگہ ناقص میٹریل کے استعمال کی شکایت سامنے آئی تو متعلقہ ٹھیکیدار کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔ اجلا س میں اراکین اسمبلی نے ضلع جھنگ اور تحصیلوں میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے حوالہ سے تجاویز پیش کیں ۔قبل ازیں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ حکومت پنجاب کے سالانہ ترقیاتی پروگرام 2018-19کے تحت جاری صحت ، تعلیم ، صاف پانی سمیت دیگرشعبوں کی 107 ترقیاتی سکیموں پر کام تیز رفتاری سے جاری ہے ۔اس ضمن میں معیار اور شفافیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں