63

حکومت پنجاب کی طے شدہ پالیسی کے تحت رواں سیزن کے دوران ضلع میں ایک لاکھ 49ہزار میٹرک ٹن گندم کی سرکاری خریداری کا ہدف مقرر کیا گیا ہے

فیصل آباد(فراز نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)) جس کے لئے ضلع بھر میں 13خریداری مراکز پر کاشتکاروں کی سہولیات کے لئے تمام تر ضروری انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔یہ بات ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)محمد شاہد کی زیر صدارت گندم کی سرکاری خریداری مہم کے انتظامات کاجائزہ لینے سے متعلق منعقدہ اجلاس کے دوران بتائی گئی جس میں اسسٹنٹ کمشنرز احمر سہیل کیفی،صولت حیات،عبدالرزاق ڈوگر،عبدالغفار،شہریار عارف،عفیفہ شاجیہ،ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر امان اللہ سومرو،سینئر کوآرڈینیٹرز،سینٹرانچارجز ودیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر بتایا گیا کہ گندم کی خریداری کے لئے مہم کا آغاز 16،اپریل سے ہوگا اور باردانہ کے حصول کے لئے 20اپریل تک کاشتکاروں سے سنٹرز پر درخواستیں موصول کی جائیں گی جبکہ 21اور 22اپریل کو درخواستوں کی جانچ پڑتال کرکے کاشتکاروں کی فہرست مرتب کی جائے گی جوسنٹرز پر آویزاں ہوگی اور 24،اپریل سے باردانہ کی تقسیم شروع کردی جائے گی۔صدر اجلاس نے اسسٹنٹ کمشنرز،سنٹر انچارجز سے کہا کہ وہ خریداری مراکز کی صفائی ستھرائی سمیت کاشتکاروں کی سہولت کے لئے بیٹھنے کی آرام دہ سایہ دار جگہ،پینے کے پانی اور دیگر ضروری انتظامات کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ گندم کے کاشتکاروں کی آسائش اور عزت واحترام کا خصوصی خیال رکھا جائے اور انہیں باردانہ کے حصول وگندم کی خرید وفروخت میں کوئی دقت یا مشکل نہیں آنی چاہیے۔انہوں نے ہر سنٹر کے انتظامات کاجائزہ لیتے ہوئے انچارجز کو ہدایت کی کہ گندم کی خریداری کے تمام عمل کو شفاف اور منظم رکھاجائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں