23

محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب کے زیراہتمام شہریوں کو تیزرفتار محکمانہ سروسز کی ایک ہی چھت تلے فراہمی کے لئے ستیانہ روڈ پر’’سروس سنٹر‘‘قائم کردیا گیا ہے جس کا باقاعدہ افتتاح صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حافظ ممتاز احمد نے کیا۔ایم پی اے شکیل شاہد،ڈائریکٹر ایکسائز فضہ شاہ،پراجیکٹ ڈائریکٹر رضوان اکرم شیروانی اور محکمہ کے دیگر افسران کے علاوہ عمائدین شہربھی اس موقع پر موجود تھے۔سروس سنٹر میں موٹر وہیکل رجسٹریشن،پراپرٹی ٹیکس،تفریحی ٹیکس،پروفیشنل ٹیکس،ایکسائز ڈیوٹی،لائسنسز کے اجراء اور محکمہ کی دیگر سروسز سے متعلق خدمات اور رہنمائی فراہم کی جائے گی

فیصل آباد(فراز نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)۔صوبائی وزیر ایکسائز نے افتتاحی تختی کی نقاب کشائی کے بعد سروس سنٹر میں مختلف کاؤنٹرز کا دورہ اورمشین کا بٹن دبا کر ٹوکن کے اجراء کا آغاز کیا۔انہوں نے محکمانہ سروسز کی فراہمی کے طریقہ کار کا جائزہ لیتے ہوئے سٹاف کو ہدایت کی کہ وہ شہریوں کو عمدہ سروسز فراہم کرنے کے لئے عزم وہمت سے کام کریں اور اعلیٰ اخلاقی رویے کا مظاہرہ کرتے ہوئے شہریوں کی خدمت کرکے محکمے کی نیک نامی اور ساکھ میں اضافہ کریں۔انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ سروس سنٹر کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کریں تاکہ اس کے قیام کے اصل مقاصد کماحقہ پورے ہوسکیں۔قبل ازیں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حافظ ممتازاحمد نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار کے ویژن کے مطابق عوام کو محکمانہ سروسز تک آسان رسائی کیلئے جدید ترین اقدامات کرکے تبدیلی کے سفر کا عملی آغاز کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مختلف شعبوں میں نئی اصلاحات متعارف کی جارہی ہیں جن کے مثبت اثرات ہر شہر اور گاؤں تک پہنچیں گے۔انہوں نے کہا کہ کرپشن فری پاکستان کیلئے تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں تاکہ نئے پاکستان کے خواب کو جلد شرمندہ تعبیر کیا جاسکے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب کو جدید ٹیکنالوجی میں منتقل کیا جارہا ہے تاکہ بددیانتی اوربے قاعدگی کے احتمال کو ختم کیا جاسکے۔انہوں نے اعلان کیا کہ اس نوعیت کے سروس سنٹرز کا دائرہ صوبہ کے باقی شہروں تک وسیع کیا جائے گا۔صوبائی وزیر نے فیصل آباد میں ای اینڈ ٹی سروس سنٹر کی تیزرفتار تکمیل پر متعلقہ افسران کی کاوشوں کو سراہا اور شہریوں کومبارکباد پیش کی کہ اب انہیں محکمہ کی سروسز ایک ہی چھت تلے جدید انداز میں میسر آئیں گی۔اس موقع پر پراجیکٹ ڈائریکٹر رضوان اکرم شیروانی نے بتایا کہ پنجاب کے چھ شہروں میں 9سروس سنٹرز کام کررہے ہیں جن میں سے لاہور میں چار جبکہ فیصل آباد راولپنڈری،گوجرانوالہ،ملتان اور بہاول پور میں ایک ایک سنٹر قائم کیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ صوبائی وزیر ایکسائز کی ہدایت پر دیگر شہروں میں سروس سنٹرز کے قیام کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ڈائریکٹر ایکسائز فضہ شاہ نے اس عزم کو دہرایا کہ سروس سنٹر میں شہریوں کوایک ہی چھت تلے تیزرفتار محکمانہ سروسز کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں