10

اساتذہ کی انتھک محنت اور کاوشوں سے اعلیٰ وارفع قومیں وجود میں آتی ہیں اور اہم عہدوں پر فائز شخصیات کی کامیابی کے پیچھے باصلاحیت استاد کا ہاتھ ہے جن کی عزت وتکریم اوراحترام کے ساتھ حوصلہ افزائی کے اقدامات کی بدولت وہ مزید عزم سے اپنی توانائیاں فروغ علم پر صرف کرسکتے ہیں۔یہ بات ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس عاصمہ اعجاز چیمہ نے ایم سی گرلز ہائر سیکنڈری سکول سمن آباد میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے زیراہتمام اساتذہ کے عالمی دن کے حوالے سے سٹار ٹیچرزمیں حکومت پنجاب کی طرف سے نقد انعامات اور تعریفی سر ٹیفکیٹس تقسیم کرتے ہوئے کہی

فیصل آباد(فراز نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)۔سی ای او ایجوکیشن علی احمد سیان،ڈی او سیکنڈری وایلیمنٹری خالداختر،رضیہ تبسم،ڈی او سپیشل ایجوکیشن چوہدری عبدالحمید،پرنسپل ادارہ مسرت جبیں،محکمہ تعلیم کے دیگر افسران،تعلیمی شعبہ میں عمدہ نتائج دکھانے والے ہیڈ ٹیچرز،اساتذہ کرام اور طالب علم بھی موجود تھے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس نے کہا کہ شعبہ تعلیم کی ترویج وترقی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور وطن عزیز کو تعلیم کے میدان میں ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کرنے کے لئے اقدامات کو تیزرفتاری سے آگے بڑھایا جارہا ہے۔انہوں نے سٹار ٹیچرز کو انعام حاصل کرنے پر مبارکبادپیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسی جذبے اورلگن سے اپنا کلیدی کردار ادا کریں اور باصلاحیت وپرعزم قوم کو پروان چڑھائیں۔انہوں نے اساتذہ پرزوردیا کہ وہ طالب علموں کو معیاری وبامقصد تعلیم کی فراہمی کے ساتھ ان کی اعلیٰ تربیت اور ان کی درست سمت راہ متعین کرنے میں بھی اپنا اہم کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ وہ آج جس مقام پر ہیں وہ اساتذہ کی کاوشوں کا نتیجہ ہے جنہیں سلام پیش کرتی ہوں۔انہوں نے تقریب کے کامیاب انعقاد پر ایجوکیشن اتھارٹی کے افسران کی محنت کی تعریف کی۔سی ای او ایجوکیشن نے بتایا کہ ضلع بھر کے پرائمری،ایلیمنٹری اور سیکنڈری ونگ میں سو فیصدنتائج اورمیٹرک وانٹر میں بورڈ کی سطح پر 5پوزیشنز حاصل کرنے والے 17مردوخواتین ہیڈ ٹیچرز وٹیچرز میں 10،10ہزارروپے اورسر ٹیفکیٹس تقسیم کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع کے سرکاری سکولوں میں تعلیم کے فروغ پر بھرپور توجہ مرکوز ہے جبکہ ڈپٹی کمشنر سید احمد فواد کی سربراہی میں ایجوکیشن ریویو کمیٹی کے ماہانہ اجلاس میں بھی تعلیمی ترقی کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے تقریب میں شرکت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس کا شکریہ ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں