13

حکومت پنجاب کی ’’صاف وسر سبز پنجاب‘‘مہم کو کامیاب بنانے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے

فیصل آباد(فرازنیوز،مانیٹرنگ ڈیسک ) تاہم اس سلسلے میں کمیونٹی کا تعاون ناگزیر ہے تاکہ صفائی ستھرائی،شجرکاری اور تجاوزات کے خاتمے کی اس تاریخ ساز مہم سے مثبت تبدیلی کے واضح نتائج حاصل کئے جائیں۔یہ بات ڈویژنل کمشنر آصف اقبال چوہدری نے محکمہ لوکل گورنمنٹ وکمیونٹی ڈویلپمنٹ اور فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے اشتراک سے ’’کلین اینڈ گرین پنجاب پروگرام‘‘سے آگاہی کے لئے نصرت فتح علی خاںآڈیٹوریم میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ڈپٹی کمشنر سید احمد فواد،ایم پی اے فردوس رائے،ایم ڈی فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کرنل عماد اقبال گل،ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ چوہدری عبدالحمید کے علاوہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرزملک مشتاق حسین نائچ،قیصر عباس رند،سی ای او ایجوکیشن علی احمد سیان،ایڈمن آفیسر ریاض حسین انجم،ڈویژنل فاریسٹ آفیسروجیہہ الدین ،ایس ڈی او فاریسٹ مشتاق چغتائی،ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر بلال احمد،ڈائریکٹر سوشل ویلفےئر محمد شاہد رانا،چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن زبیر حسین،وحید خالق رامے کے علاوہ ڈویژنل وضلعی محکموں کے افسران،اساتذہ کرام،طلباء وطالبات،این جی اوز کے نمائندے اور سول سوسائٹی کے افراد بڑی تعداد میں موجود تھے۔ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ شہروں ودیہاتوں کی صفائی ستھرائی وشجرکاری مہم اور پختہ وعارضی تجاوزات کا خاتمہ کلین اینڈگرین پنجاب پروگرام کا بنیادی ایجنڈا ہے جس کی سو فیصد تکمیل کے لئے ڈویژنل وضلعی انتظامیہ،لوکل گورنمنٹ،ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور میونسپل کارپوریشن متحرک ہیں۔انہوں نے کہا کہ کلین اینڈ گرین پنجاب پروگرام شہروں کے ساتھ دیہاتوں کی بھی تقدیر بدل دے گا اور شہریوں کو صفائی ستھرائی،سرسبز و شادابی اورتجاوزات سے پاک خوبصورت اور خوشنماماحول نظر آئے گا۔کمشنر نے معاشرتی رویوں میں تبدیلی لانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے اور اسلامی تعلیمات پر کار بند رہتے ہوئے اپنے گھر،گلی محلے،شہر،دیہات،ملک کو صاف ستھرا بنانا ہے اور اسی مقصد کے لئے حکومت پنجاب نے کلین اینڈ گرین پنجاب کا اہم پروگرام شروع کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف مہم کا مقصد کسی سے روزگار چھیننا نہیں تاہم قبضہ مافیا کو کسی صورت سرکاری اراضی پر قابض نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے بتایا کہ ڈویژن بھر میں وسیع پیمانے پر شجرکاری مہم کے دوران مختلف محکموں کی طرف سے 12لاکھ سے زائد پودے لگائے گئے ہیں اس سلسلے میں شہری بھی اپنا بھرپور حصہ ڈالیں۔کمشنر نے آگاہی سیمینارکے کامیاب انعقاد پر متعلقہ محکموں کی کوششوں کو سراہا۔ڈپٹی کمشنر سید احمد فواد نے کہا کہ ضلع میں کلین اینڈ گرین پنجاب پروگرام پر یکم اکتوبر سے عملدرآمد جاری ہے جس کے اہداف حاصل کرنے کے لئے محکمانہ اقدامات میں مزید تیزی لائی جائے گی اورآئندہ ایام میں اس مہم میں مزید تیزی لا کرٹارگٹس پورے کئے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے دیہی علاقوں میں کلین اینڈ گرین پنجاب پروگرام پر عملدرآمد کے لئے ہر یونین کونسل کو 90ہزارروپے کے اضافی فنڈز فراہم کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی میں 500نئے ویسٹ ورکرز کی بھرتی کے علاوہ ضروری مشینری کی خریداری کے لئے بھی اقدامات جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہر ودیہاتوں کو کلین اور گرین بنانے میں شہریوں کی معاونت ناگزیر ہے اورمشترکہ کاوشوں سے مہم کے کامیاب نتائج حاصل کریں گے۔ایم پی اے فردوس رائے نے کہا کہ کلین اینڈ گرین پنجاب پروگرام حقیقی تبدیلی کا پیش خیمہ ہے اور شہری اس مہم کے تحت شہر اور دیہاتوں میں مثبت تبدیلی دیکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خاں اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں کلین اینڈ گرین پنجاب پروگرام میں ارکان اسمبلی کی بھرپور معاونت جاری ہے اور مل جل کر فیصل آباد کو نیٹ اینڈ کلین بنائیں گے جس پر نہ صرف اہل فیصل آباد بلکہ دیگر شہروں کے باسیوں کو بھی فخرہوگا۔ایم پی اے نے کہا کہ صفائی ستھرائی اور شجرکاری مہم کے بارے میں تعلیمی اداروں میں بھی آگاہی پروگرامز منعقد کرائے جائیں تاکہ آئندہ نسل میں اپنے گھر،گلی،محلے ،شہر اور ملک صاف ستھرا رکھنے کا شعور اجاگر رہے۔ایم ڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کرنل عماد گل نے کہا کہ کلین اینڈ گرین پنجاب پروگرام میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھائے گی اور حکومت وشہریوں کی توقعات پر پورااتریں گے۔انہوں نے بتایا کہ کمپنی کے قیام سے لیکر اب تک شہر سے کوڑا کرکٹ کو سائنسی بنیادوں پر ٹھکانے لگایا جارہا ہے اور روزانہ 1250ٹن کوڑا کرکٹ تلف کررہے ہیں جبکہ پیداہونے والے بقیہ کوڑا کرکٹ کو اٹھانے کے لئے موثر حکمت عملی وضع کی جارہی ہے اس مقصد کے لئے حکومت پنجاب اضافی وسائل فراہم کرنے کے لئے اقدامات کررہی ہے تاہم کلین اینڈ گرین پنجاب پر عملدرآمد کے سلسلے میں وقتی طور پر ضروری مشینری کرائے پر حاصل کی جارہی ہے۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ صفائی مہم میں بھرپور تعاون کریں تاکہ اس چیلنج میں کامیابی یقینی ہوسکے۔ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ چوہدری عبدالحمید نے بتایا کہ ضلع کی 189دیہی یونین کونسلز میں کلین اینڈ گرین پنجاب پروگرام پر عملدرآمد جاری ہے جس کے لئے 11سو سے زائد ویسٹ ورکرز ڈیوٹی پر مامور ہیں جبکہ اہل دیہہ کو بھی مہم میں شریک رکھا گیا ہے۔انہوں نے اپنے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ کی طرف سے ذمہ داریاں کماحقہ پوری کی جائیں گی۔سیمینار کے اختتام پر ڈویژنل کمشنر آصف اقبال چوہدری،ڈپٹی کمشنرسید احمد فواد اور ایم پی اے فردوس رائے نے کلین اینڈ گرین پنجاب پروگرام کے سلسلے میں آرٹ کونسل کے سبزہ زار میں مختلف اقسام کے پودے بھی لگائے،بعدازاں آرٹ کونسل سے آگاہی واک منعقد ہوئی جو کمشنر کمپلیکس پہنچ کر اختتام پذیرہوئی۔ڈویژنل کمشنر،ڈپٹی کمشنر،ایم پی اے نے واک کی قیادت کی۔واک میں مختلف محکموں کے افسران،طلباء وطالبات اور عام شہری بھی شریک تھے۔واک کے شرکاء نے ’’ماحول کی صفائی ہم سب کا فرض‘‘۔’’درخت لگاؤ ماحول کو تروتازہ بناؤ‘‘۔ تجاوزات کا خاتمہ اب انتہائی ضروری‘‘ودیگر تحریروں پر مشتمل بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کمشنر نے شہریوں سے کہا کہ وہ گلی،محلوں،سڑکوں پر کوڑا کرکٹ پھینکنے سے گریز کریں۔دریں اثناء ضلع کی تحصیلوں میں بھی کلین اینڈ گرین پنجاب پروگرام کے سلسلے میں آگاہی سیمینارز اورواکس کے انعقاد کے علاوہ پودے بھی لگائے گئے۔ان تقریبات میں اسسٹنٹ کمشنرزاوردیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں